بنگلورو،12؍جون(ایس او نیوز) کانگریس کے تاریخی ترجمان انگریزی اخبار نیشنل ہیرالڈ جسے ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے شروع کیا تھا، آج اسے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے از سر نو شروعات کی طرف آگے بڑھایا۔ مرکز میں بی جے پی حکومت کو نشانہ بنانے کیلئے راہول گاندھی نے آج شہر کے امبیڈ کر بھون میں منعقدہ تقریب کے دوران اس پلاٹ فارم کو استعمال کیا اور کہاکہ بی جے پی ملک کے عوام کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں سچائی کی طاقت ظاہر کی جاتی تھی، بی جے پی نے اس نظام کو بدل کر طاقت کی سچائی کو اپنالیا ہے۔ ملک میں دلتوں اور اقلیتوں کو کھلے عام مارا اور دھمکایا جارہاہے، اس سچائی کو جوبھی ظاہر کرنے کی کوشش کرتاہے، اسے طاقت سے کچلا جارہاہے۔ سویت کے ایک شاعر نے ایک وقت کہاتھاکہ جب سچائی کی جگہ خاموشی لے لے تو سمجھ لیجئے کہ وہ خاموشی جھوٹ ہے۔ موجودہ حکومت یہی ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔ نیشنل ہیرالڈ ایک عظیم جذبے کی علامت ہے، اسے کبھی خاموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ایسے ہزاروں صحافی ہیں جو چاہتے ہیں کہ ان کے دل کی بات عوام تک پہنچے، لیکن ان آوازوں کا گلا گھونٹ دیاجاتاہے۔ملک بھر کے ہزاروں صحافیوں کو ان کے خواہش کے مطابق لکھنے یا بولنے سے منظم طور پر روکا جارہاہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ نیشنل ہیرالڈ کے بانی جواہر لال نہرو رہے۔ آٹھ دہائی قبل 1938 میں اس اخبار کو آزادی کیلئے ایک اہم آلۂ کار بنایا گیا تھا۔ بعد میں اس اخبار کی اشاعت پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نائب صدر ہند حامد انصاری نے کہاکہ ہر ریاستی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ شفاف انتظامیہ فراہم کرے اور معاشرہ کو غیر ضروری پابندیوں سے آزاد رکھے۔میڈیا پر اگر پابندیاں لاگو کی گئیں تو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ بہت جلد صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نیشنل ہیرالڈ کے پرنٹ ایڈیشن کا اجراء کرنے والے ہیں۔